پمز ہسپتال میں آگ سے 14 نومولود جاں بحق، وزیراعظم نے فوری تحقیقات اور سیکرٹری صحت کی معطلی کا حکم دیا۔
اسلام آباد: (رائیٹ ناؤ نیوز) نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ پمز ہسپتال سانحہ کی وزیراعظم کی ہدایات کے مطابق فوری اور جامع تحقیقات کی جائیں گی۔ انہوں نے کہا کہ ذمہ داروں کے خلاف سخت کارروائی کو یقینی بنایا جائے گا۔
اسحاق ڈار نے اپنے بیان میں سانحے پر گہرے دکھ کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ دردناک واقعے میں 14 نومولود جاں بحق ہوئے ہیں اور یہ ایک بڑا سانحہ ہے۔
نائب وزیراعظم نے کہا کہ اللہ تعالیٰ سوگوار خاندانوں کو صبر عطا فرمائے۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے بچوں کی حفاظت اولین ترجیح ہونی چاہیے۔
واضح رہے کہ پمز ہسپتال کے گائنی وارڈ میں آگ لگنے سے 14 نوزائیدہ بچے جاں بحق ہوئے ہیں۔ والدین نے ڈی این اے ٹیسٹ اور ہسپتال انتظامیہ کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔
یاد رہے کہ وزیراعظم شہباز شریف نے واقعے کے بعد وفاقی سیکرٹری صحت اسلم غوری کو معطل کر دیا ہے۔ سیکرٹری ہاؤسنگ محمد محمود کو سیکرٹری صحت کا اضافی چارج دیا گیا ہے۔











