ملک بھر میں آٹے کی قیمتوں میں اضافے سے عوام کے گھریلو بجٹ پر دباؤ بڑھ گیا۔ ادارہ شماریات کے مطابق اسلام آباد میں آٹے کا تھیلا سب سے مہنگا۔
اسلام آباد: (رائیٹ ناؤ نیوز) ملک بھر میں آٹے کی قیمتوں میں مزید اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔ گزشتہ ہفتے کے دوران مختلف شہروں میں 20 کلو آٹے کے تھیلے کی قیمت میں 100 روپے تک اضافہ ہوا ہے۔
ادارہ شماریات کے مطابق اسلام آباد میں 20 کلو آٹے کا تھیلا 3 ہزار 133 روپے 33 پیسے کی اوسط قیمت کے ساتھ سب سے مہنگا فروخت ہو رہا ہے۔ راولپنڈی میں اس کی قیمت 3 ہزار 93 روپے 33 پیسے تک پہنچ گئی ہے۔
رپورٹ کے مطابق خضدار میں آٹے کا 20 کلو تھیلا 100 روپے، بہاولپور میں 60 روپے، اور حیدرآباد میں 40 روپے مہنگا ہوا ہے۔ لاڑکانہ اور کوئٹہ میں 20 روپے اضافہ دیکھا گیا ہے۔
آٹے کی قیمتوں میں اضافے کے باعث عوام، خصوصاً غریب اور متوسط طبقے کے گھریلو بجٹ پر مزید دباؤ بڑھ گیا ہے۔ عوام نے حکومت سے قیمتوں کو کنٹرول کرنے کی اپیل کی ہے۔
یاد رہے کہ آٹے کی قیمت میں اضافے کا رجحان گزشتہ کئی ماہ سے جاری ہے، جس کی وجہ سے عوام میں تشویش پائی جاتی ہے۔













