وزیراعظم شہباز شریف نے بگھی پر سواری کرنے والے آئی جی اور چیف کمشنر اسلام آباد کو تحریری وارننگ دی ہے۔ انہوں نے سرکاری افسران کو آئندہ محتاط رویے کی ہدایت کی ہے۔
اسلام آباد: (رائیٹ ناؤنیوز) وزیراعظم شہباز شریف نے یوم آزادی پر بگھی پر پروٹوکول انجوائے کرنے والے آئی جی اور چیف کمشنر اسلام آباد کو تحریری طور پر خبردار کیا ہے۔ وزیراعظم کی ہدایت پر اسٹیبلشمنٹ ڈویژن نے دونوں افسران کو باضابطہ ایڈوائزری جاری کی ہے۔
ایڈوائزری میں کہا گیا ہے کہ وزیراعظم نے سرکاری افسران کی نمود و نمائش پر ناراضی ظاہر کی ہے۔ یہ بھی ہدایت دی گئی کہ مستقبل میں ایسا رویہ نہیں ہونا چاہیے۔
وزیراعظم کے مطابق، سرکاری عہدے داروں کی مراعات اور ذاتی تشہیر کا تاثر عوامی خدمت کے اصولوں سے مطابقت نہیں رکھتا۔ انہوں نے سول سرونٹس کو عاجزی اور ضبط کا مظاہرہ کرنے کی تاکید کی ہے۔
واضح رہے کہ دونوں افسران کی بگھی سواری کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی تھی۔ ویڈیو پر شدید عوامی ردعمل سامنے آیا جس میں ان کی آمد کو نوآبادیاتی دور سے تشبیہ دی گئی۔
یاد رہے کہ وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے افسران کا دفاع کرتے ہوئے واقعے کی وضاحت کی تھی۔ ان کے مطابق بگھی مہمان خصوصی کے لیے مختص تھی لیکن ناگزیر حالات کے باعث استعمال ہوئی۔












