وفاقی حکومت نے پنشنرز کے لئے جدید پروف آف لائف نظام متعارف کروا دیا، بائیو میٹرک تصدیق اور دیگر سہولتیں مفت ہوں گی۔
اسلام آباد: (رائیٹ ناؤنیوز) وفاقی حکومت نے پنشنرز کے لئے پروف آف لائف کا جدید نظام متعارف کروا دیا ہے۔ نیا نظام بائیو میٹرک اور چہرے کی تصدیق کی مفت سہولت فراہم کرے گا۔
ترجمان نادرا کے مطابق پنشنرز کو اب پاک آئی ڈی کے ذریعے گھر بیٹھے سرٹیفکیٹ حاصل کرنے کی سہولت ملے گی۔ موبائل ایپ استعمال نہ کرنے والے پنشنرز کے خاندان کا کوئی فرد بھی سرٹیفکیٹ بنوا سکے گا۔
نادرا نے 988 مراکز اور 500 یونین کونسلز پر بھی مفت سہولت فراہم کی ہے۔ نیشنل پنشنرز رجسٹر پنشنرز کی شناخت اور پروف آف لائف سٹیٹس کی ڈیجیٹل تصدیق کا مستند ذریعہ ہے۔
ترجمان نادرا کے مطابق پنشنر کی وفات یا دیگر تبدیلیوں کی اطلاع نیشنل پنشنرز رجسٹر کے ذریعے متعلقہ حکام کو دی جائے گی۔
یاد رہے کہ اس نظام کے ذریعے پنشن کے لئے ذاتی حاضری اور کاغذی تصدیق کی ضرورت کم ہوگی، اور مختلف اداروں کے پنشنرز کو بھی شامل کیا جائے گا۔












