اسما مشتاق کی اسپانٹک چوٹی پر کامیابی کے بعد اچانک انتقال نے کوہ پیمائی کی دنیا کو غمزدہ کردیا ہے۔
اسلام آباد: (رائیٹ ناؤ نیوز) پاکستانی کوہ پیما اور ٹریول وی لاگر اسما مشتاق اسپانٹک چوٹی کی مہم کے دوران انتقال کرگئیں۔ وہ قراقرم پہاڑی سلسلے کی 7 ہزار 27 میٹر بلند چوٹی سر کرنے میں کامیاب ہوئیں۔
اسما مشتاق کی پیدائش 7 فروری 1992 کو ہوئی تھی اور وہ مہم جوئی اور قدرتی مناظر سے گہری محبت کے باعث کوہ پیمائی کی دنیا میں مشہور تھیں۔ ان کا شمار عالمی سطح پر معروف کوہ پیماوں میں ہوتا تھا۔
رپورٹس کے مطابق اسما نے اپنے گائیڈ علی اکبر کے ہمراہ اسپانٹک چوٹی کامیابی سے سر کی۔ تاہم واپسی پر انہیں بلند مقام کی بیماری (ہائی آلٹی ٹیوڈ سکنس) کا سامنا کرنا پڑا۔
گائیڈ نے انہیں ابتدائی طبی امداد فراہم کی لیکن ان کی حالت بگڑ گئی اور وہ جانبر نہ ہوسکیں۔ ان کی میت کی واپسی کے لیے قراقرم کالنگ ٹریکس حکام سے تعاون کر رہا ہے۔
واضح رہے کہ اسما مشتاق کے انتقال کی خبر پر سوشل میڈیا پر گہرے دکھ کا اظہار کیا گیا ہے اور ان کے اہل خانہ سے تعزیت کی گئی ہے۔












