پی آئی اے کی کیبن کریو ایسوسی ایشن نے عملے کو آرام نہ دینے پر تشویش ظاہر کی ہے، حادثات کا خدشہ۔
اسلام آباد: (رائیٹ ناؤنیوز) پی آئی اے کی کیبن کریو ایسوسی ایشن نے عملے کو مناسب آرام نہ ملنے پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔ ایسوسی ایشن نے پی آئی اے کے چیف ایگزیکٹو کو خط لکھ کر بین الاقوامی قوانین کی مبینہ خلاف ورزیوں پر سوالات اٹھائے ہیں۔
کریو ایسوسی ایشن کے صدر نصراللہ آفریدی نے کہا کہ پاکستان سول ایوی ایشن اتھارٹی کے دو مختلف خطوط نے الجھن پیدا کر دی ہے۔ ایک خط میں 12 گھنٹے آرام کی ضرورت پر زور دیا گیا، جبکہ دوسرے میں اس عمل کو مؤخر کرنے کا ذکر ہے۔
انہوں نے کہا کہ مناسب آرام نہ ملنے سے سنگین حادثات کا خطرہ ہے۔ جدہ پرواز میں ایمرجنسی ڈور سلائیڈ کھلنے کا حالیہ واقعہ اس کی مثال ہے۔
ایسوسی ایشن نے پی آئی اے سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ اس مسئلے کو نظرانداز نہ کرے۔ انہوں نے کہا کہ واقعے کے بعد پی آئی اے ٹریننگ سینٹر میں عملے کی تربیت کی گئی۔
واضح رہے کہ کیبن کریو کے آرام کا معاملہ بین الاقوامی سول ایوی ایشن قوانین کے تحت آتا ہے۔ ایسوسی ایشن نے مزید کہا کہ اگر مناسب اقدامات نہ کیے گئے تو قانونی کارروائی کی جائے گی۔














