عمران خان کو شفا انٹرنیشنل ہسپتال منتقل کرنے کی تیاری میں سیکیورٹی سخت کر دی گئی ہے۔ وفاقی پولیس کو الرٹ کر دیا گیا اور شفا انٹرنیشنل کے ایک حصے کو سب جیل قرار دینے کی مشاورت جاری ہے۔
اسلام آباد: (رائیٹ ناؤ نیوز) عمران خان کو شفا انٹرنیشنل ہسپتال منتقل کرنے کی تیاری شروع ہوگئی ہے۔ اس سلسلے میں وفاقی پولیس کو الرٹ کر دیا گیا ہے جبکہ میڈیکل ٹیم کے 2 ارکان کی نگرانی میں اڈیالہ جیل میں طبی معائنہ مکمل کر لیا گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق، بانی پی ٹی آئی کی طبی ٹیم میں ماہر امراض قلب اور ماہر امراض چشم شامل ہوں گے۔ شفا انٹرنیشنل کی ٹیم ان کے ہسپتال پہنچتے ہی معائنہ کرے گی۔ عمران خان کی بہن ڈاکٹر عظمیٰ اور ذاتی معالج ڈاکٹر فیصل کی نگرانی میں جیل میں طبی معائنہ مکمل کر لیا گیا ہے۔
علیمہ خان اور قاسم زمان گیٹ نمبر پانچ کے باہر موجود ہیں۔ وفاقی پولیس کو بانی پی ٹی آئی کی ہسپتال منتقلی کے معاملے پر الرٹ کر دیا گیا ہے۔ پولیس لائنز ہیڈ کوارٹر میں نفری کو تیار رہنے کا حکم دیا گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق، شفا انٹرنیشنل اسپتال کے ایک حصے کو سب جیل قرار دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ مشاورت مکمل ہوتے ہی سب جیل کا نوٹیفکیشن جاری ہوگا جسے چیف کمشنر اسلام آباد جاری کریں گے۔
واضح رہے کہ بانی پی ٹی آئی کی ہسپتال منتقلی کے پیش نظر آئی جی پولیس سمیت اعلیٰ افسران شفا انٹرنیشنل پہنچ گئے ہیں، جہاں سیکیورٹی انتظامات کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔












