پاکستان سے کینو کی برآمدات کا آغاز، 3 لاکھ ٹن کا ہدف مقرر، 110 ملین ڈالر زرمبادلہ متوقع۔
کراچی: (رائیٹ ناوٴ نیوز) پاکستان سے رواں سیزن کینو کی برآمدات کا آغاز ہوچکا ہے اور آل پاکستان فروٹ اینڈ ویجی ٹیبل ایکسپورٹرز امپورٹرز اینڈ مرچنٹس ایسوسی ایشن نے تین لاکھ ٹن کا ہدف مقرر کیا ہے، جس کے پورا ہونے پر 110 ملین ڈالر کا زرمبادلہ متوقع ہے۔
یکم دسمبر سے اب تک 6 ہزار ٹن کینو مشرق وسطیٰ، سری لنکا اور فلپائن بھیجا جا چکا ہے۔ گزشتہ سیزن میں پاکستان سے ڈھائی لاکھ ٹن کینو برآمد کیا گیا تھا، جس سے 95 ملین ڈالر کا زرمبادلہ حاصل ہوا تھا۔
ایسوسی ایشن کے سرپرستِ اعلیٰ وحید احمد کے مطابق اس سال کینو کی بمپر کراپ ہوئی ہے اور مجموعی پیداوار 27 لاکھ ٹن تک رہنے کا امکان ہے، جو گزشتہ سال 17 لاکھ ٹن تھی۔ تاہم پیداوار میں اضافے کے باوجود برآمدات پانچ سال قبل کی سطح سے 50 فیصد کم ہیں۔
انہوں نے کہا کہ کینو کی کاشت میں ریسرچ اینڈ ڈیولپمنٹ کی کمی اور نئی ورائٹی کا تعارف نہ ہونے کے باعث برآمدات متاثر ہورہی ہیں۔ انہوں نے حکومت کو قلیل، وسط اور طویل المدتی منصوبہ فراہم کیا ہے، جس سے برآمدات کو 400 ملین ڈالر تک بڑھایا جا سکتا ہے۔
وحید احمد نے زور دیا کہ مصر، امریکا، مراکش اور چین سے نئی ورائٹیز حاصل کی جائیں اور کم پانی استعمال کرنے والی اقسام کو ترجیح دی جائے۔ افغانستان سے تجارت کی بندش کے باعث وسط ایشیائی ریاستوں اور روس کو برآمدات میں مشکلات درپیش ہیں، جبکہ ایران کے راستے فریٹ میں 100 فیصد اضافہ ہو چکا ہے۔














