پی ٹی آئی نے عمران خان کی اسپتال منتقلی کے عدالتی حکم نہ ماننے پر توہین عدالت کی تیاری کر لی۔ حکومت چند گھنٹوں میں عمل کرے گی۔
اسلام آباد: (رائیٹ ناؤنیوز) وفاقی وزیر پارلیمانی امور طارق فضل چوہدری نے کہا ہے کہ حکومت، عمران خان کے علاج کے عدالتی حکم کی پابند ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ اگر سرکاری اسپتال میں علاج ممکن نہ ہوا تو عمران خان کو شفا انٹرنیشنل اسپتال بھیجا جائے گا۔
طارق فضل چوہدری نے مزید کہا کہ اگر ضرورت پیش آئی تو عمران خان کو بیرون ملک بھی بھیجا جا سکتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ سپریم کورٹ کے رجسٹرار آفس نے درخواست کے ساتھ پیپر بُکس مکمل نہ ہونے کا اعتراض عائد کیا تھا۔
انہوں نے سینیٹ میں خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سپریم کورٹ کے فیصلے پر من وعن عمل کیا جائے گا۔ سپریم کورٹ سے وضاحت صرف اس لیے طلب کی گئی تھی کہ یہ فیصلہ صرف ایک قیدی کے لیے ہے یا تمام قیدیوں کے لیے۔
واضح رہے کہ حکومت کے پاس عمران خان کی اسپتال منتقلی کے عدالتی حکم پر عمل کے لیے چند گھنٹے باقی ہیں۔ پی ٹی آئی نے توہین عدالت کی کارروائی کی تیاری کر لی ہے۔
یاد رہے کہ سپریم کورٹ نے عمران خان کی اسپتال منتقلی کے حکم کے خلاف نظر ثانی کی درخواست اعتراضات لگا کر واپس کر دی تھی۔ ذرائع کے مطابق اعتراضات دور کر کے نئی درخواست آج ہی دائر ہونے کا امکان ہے۔












