سپریم کورٹ نے بانی پی ٹی آئی کی شفا اسپتال منتقلی کا حکم دیا، تاہم جیل انتظامیہ کو تحریری حکم موصول نہیں ہوا۔
راولپنڈی: (رائیٹ ناؤ نیوز) سپریم کورٹ کے حکم پر بانی پاکستان تحریک انصاف کو شفا انٹرنیشنل اسپتال منتقل کرنے کی تیاری شروع ہو گئی ہے۔ اڈیالہ جیل انتظامیہ کو ابھی تک تحریری حکم موصول نہیں ہوا ہے۔
جیل ذرائع کے مطابق شفا انٹرنیشنل اسپتال کو سب جیل قرار دینے کا اختیار انتظامیہ کے پاس ہے۔ اڈیالہ جیل کا 20 رکنی عملہ بانی پی ٹی آئی کے ساتھ اسپتال منتقل ہوگا۔
بانی پی ٹی آئی اسپتال میں قانونی طور پر جیل کی تحویل میں رہیں گے۔ ان کی رہائش کے لیے مخصوص کمرہ یا وارڈ مختص ہوگا، سیکیورٹی جیل پولیس کے سپرد ہوگی۔
اڈیالہ جیل سے اسپتال منتقلی کے دوران سیکیورٹی انتظامات ضلعی پولیس سنبھالے گی۔ اسپتال کی بیرونی سیکیورٹی اسلام آباد پولیس دیکھے گی۔
واضح رہے کہ سپریم کورٹ نے بانی پی ٹی آئی کو 2 روز میں شفا اسپتال منتقل کرنے کی ہدایت دی ہے۔ کیس کی مزید سماعت 16 ستمبر کو ہوگی۔












