طلال چوہدری نے عمران خان کو جیل سے منتقل کرنے کا عندیہ دیا، ہنگامہ آرائی کی صورت میں کارروائی ہوگی۔
اسلام آباد: (رائیٹ ناوٴ نیوز) وزیرِ مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری نے بانی پاکستان تحریک انصاف عمران خان کی اڈیالہ جیل سے ممکنہ منتقلی کا عندیہ دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر جیل کے باہر ہنگامہ آرائی ہوئی یا دوسرے قیدیوں کے لیے خطرہ پیدا ہوا تو عمران خان کو منتقل کیا جائے گا۔
طلال چوہدری نے عمران خان پر الزام لگایا کہ وہ ہمیشہ دوسروں کے کندھوں پر سیاست کرتے رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اگر سابق ڈی جی آئی ایس آئی فیض حمید نہ ہوتے تو عمران خان وزیراعظم تو دور کونسلر بھی نہ بنتے۔
انہوں نے کہا کہ ڈی جی آئی ایس پی آر کے حالیہ بیان کے بعد حکومت سنجیدگی سے اس معاملے پر غور کرے گی اور خیبر پختونخوا حکومت کو وفاقی معاملات میں انتشار پھیلانے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔
وزیر مملکت نے دعویٰ کیا کہ بانی پی ٹی آئی کے سوشل میڈیا اکاؤنٹس سے ریاستی اداروں کے خلاف بیانات نشر کیے جاتے ہیں۔ عمران خان نے اسرائیل یا بھارت کے خلاف کبھی بات نہیں کی، مگر پاکستانی اداروں کو نشانہ بنانا ان کا وطیرہ ہے۔















