لندن کی عدالت نے عادل راجہ کو بریگیڈیئر (ر) راشد نصیر سے معافی مانگنے اور 3 لاکھ 10 ہزار پاؤنڈ ادا کرنے کا حکم دیا ہے۔
لندن: (رائیٹ ناوٴ نیوز) لندن کی عدالت نے عادل راجہ کو بریگیڈیئر (ر) راشد نصیر سے عوامی سطح پر معافی مانگنے کا حکم دیا ہے۔ جج نے کہا ہے کہ معافی 28 دن تک عادل راجہ کے ایکس، فیس بک، یوٹیوب اور ویب سائٹ پر رہے گی۔ انہیں 22 دسمبر تک ہرجانہ اور عدالتی اخراجات کی مد میں 3 لاکھ 10 ہزار پاؤنڈ ادا کرنے کا بھی حکم دیا گیا ہے۔
عدالت نے عادل راجہ کو 50 ہزار پاؤنڈ ہرجانہ اور 2 لاکھ 60 ہزار پاؤنڈ عدالتی اخراجات ادا کرنے کی ہدایت دی ہے۔ اضافی عدالتی اخراجات کا تخمینہ بعد میں لگایا جائے گا جسے عادل راجہ کو ادا کرنا ہوگا۔ ہائیکورٹ کے جج رچرڈ اسپئیر مین نے سماعت کے دوران یہ فیصلہ سنایا۔
عدالت نے عادل راجہ کی اپیل کی درخواست مسترد کرتے ہوئے انہیں آئندہ ہتک آمیز بیانات نہ دہرانے کا حکم امتناع بھی جاری کیا ہے۔ عادل راجہ کے وکیل نے فیصلے کے خلاف کورٹ آف اپیل میں جانے کا عندیہ دیا ہے۔
یاد رہے کہ عادل راجہ رواں برس اکتوبر میں ہتک عزت کا مقدمہ ہار گئے تھے۔















