پاکستان میں سیمنٹ کی قیمتوں میں معمولی اضافہ، شمالی اور جنوبی شہروں میں قیمتوں کا فرق۔
اسلام آباد: (رائیٹ ناوٴ نیوز) ملک میں سیمنٹ کی قیمتوں میں گزشتہ ہفتے معمولی اضافہ دیکھا گیا۔ ادارہ شماریات پاکستان کے مطابق 4 دسمبر کو ختم ہونے والے ہفتے میں شمالی شہروں میں سیمنٹ کی فی بوری اوسط قیمت 1379 روپے رہی، جو گزشتہ ہفتے کے مقابلے میں 0.39 فیصد زیادہ ہے۔ اس سے قبل اوسط قیمت 1374 روپے ریکارڈ کی گئی تھی۔
جنوبی شہروں میں بھی قیمتوں میں ہلکا اضافہ دیکھا گیا، جہاں فی بوری اوسط قیمت 1441 روپے رہی، جو گزشتہ ہفتے کے مقابلے میں 0.06 فیصد زائد ہے۔ پچھلے ہفتے یہ اوسط قیمت 1440 روپے تھی۔
شہری سطح پر قیمتوں میں فرق بھی نظر آیا، جیسے کہ اسلام آباد میں فی بوری قیمت 1367 روپے، راولپنڈی میں 1361 روپے، اور لاہور میں 1466 روپے ریکارڈ کی گئی۔ دیگر شہروں میں سیمنٹ کی قیمتوں میں معمولی فرق پایا گیا۔
جنوبی علاقوں میں کراچی میں فی بوری قیمت 1378 روپے، حیدرآباد میں 1428 روپے، اور کوئٹہ میں 1490 روپے رہی۔ سیمنٹ کی فروخت میں 11 فیصد اضافہ بھی رپورٹ کیا گیا ہے، جبکہ برآمدات میں کمی دیکھی گئی۔















