وزیراعلیٰ پنجاب نے تعلیمی اداروں کے لئے نگرانی کے کیمرے نصب کرنے کا حکم دیا، سکیورٹی اقدامات میں اضافے کی ہدایت دی گئی۔
لاہور: (رائیٹ ناوٴ نیوز) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے تمام تعلیمی اداروں کے باہر ڈیجیٹل نگرانی کے لئے کیمرے نصب کرنے کا حکم دیا ہے۔ انہوں نے پنجاب پولیس کو سکول ایجوکیشن کے ساتھ مل کر تعلیمی اداروں میں فرضی مشقیں کرانے کی بھی ہدایت دی ہے، جبکہ سکیورٹی گارڈز، انٹری چیکنگ اور سی سی ٹی وی کیمروں کو لازمی قرار دیا گیا ہے۔
وزیراعلیٰ نے دوسرے صوبوں سے پنجاب آنے والی بسوں کے عملے کی رجسٹریشن کا فیصلہ کیا ہے اور پولیس کو موٹروے پولیس کے ساتھ تعاون کے لئے ہدایت دی ہے۔ پنجاب بھر کے پارکس میں سکیورٹی بہتر بنانے اور کیمروں کی فعالیت کا جائزہ لینے کی ہدایت بھی جاری کی گئی ہے۔
مریم نواز شریف نے گھروں اور مارکیٹوں میں موجود کیمروں کو سیف سٹی سے منسلک کرنے اور سماج دشمن عناصر کی نشاندہی کے لئے کومبنگ آپریشن کو جاری رکھنے کا حکم دیا ہے۔ انہوں نے غیر قانونی افغان باشندوں کے خلاف کارروائی کو موثر بنانے کے لئے دوسرے صوبوں کے شہریوں سے رابطے کا فیصلہ کیا ہے۔
وزیراعلیٰ نے کہا کہ پنجاب میں کوئی بھی عوامی مقام ڈیجیٹل نگرانی سے خالی نہ ہو۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ مشکوک افراد اور سرگرمیوں کی اطلاع 15 پر دیں۔















