آسٹریلوی عدالت نے باسمتی چاول کے ٹریڈ مارک کیس میں بھارت کی اپیل مسترد کر دی، پاکستانی موقف کی توثیق کی۔
کینبرا: (رائیٹ ناؤ نیوز) آسٹریلوی عدالت نے باسمتی چاول کے ٹریڈ مارک کیس میں بھارت کا دعویٰ مسترد کر دیا ہے۔ عدالت نے بھارتی ادارے اپیڈا کی اپیل خارج کرتے ہوئے قانونی اخراجات ادا کرنے کا بھی حکم دیا ہے۔
آسٹریلوی عدالت کے فیصلے کے مطابق پاکستان کے اصولی مؤقف کی توثیق ہوئی ہے۔ عدالت نے پاکستانی برآمد کنندگان کو بھی باسمتی نام استعمال کرنے کا مساوی حق دیا ہے۔
وزارت تجارت نے اس فیصلے کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ یہ پاکستان کی بڑی قانونی کامیابی ہے۔ وزیر تجارت جام کمال نے وزارت کی ٹیم کو مبارک باد دی ہے۔
یہ فیصلہ پاکستان کے برآمد کنندگان کے لئے اہم ہے کیونکہ یہ انہیں عالمی منڈی میں اپنی شناخت برقرار رکھنے کا موقع فراہم کرتا ہے۔
یاد رہے کہ بھارتی ادارے اپیڈا نے باسمتی کے لفظ کو بطور سرٹیفکیشن ٹریڈ مارک رجسٹر کرانے کی درخواست دی تھی، جسے آسٹریلوی عدالت نے مسترد کر دیا۔













