چین کے سائنس دانوں نے میگلیو ٹیکنالوجی میں تجرباتی ٹرین کو 5.3 سیکنڈ میں 800 کلومیٹر فی گھنٹہ تک پہنچا دیا، جو ایک نیا عالمی ریکارڈ ہے۔
بیجنگ: (رائیٹ ناؤنیوز) چین کے سائنس دانوں نے میگلیو ٹیکنالوجی میں ایک اور اہم کامیابی حاصل کی ہے۔ انہوں نے تجرباتی ٹرین کو صرف 5.3 سیکنڈ میں صفر سے 800 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار تک پہنچا دیا ہے۔
یہ تجربہ ہوبئی کے ڈونگہو لیبارٹری میں کیا گیا جہاں 1.1 ٹن وزنی ماڈل ٹرین نے ایک کلومیٹر طویل ٹیسٹ ٹریک پر یہ رفتار حاصل کی۔ حکام نے بتایا کہ یہ میگلیو ٹیکنالوجی میں تیز ترین ایکسیلیریشن کا نیا عالمی ریکارڈ ہے۔
میگلیو ٹرینیں مقناطیسی قوت سے ٹریک سے بلند رہتی ہیں، جس سے پہیوں اور پٹری کے درمیان رگڑ ختم ہو جاتی ہے۔ ٹریک میں نصب برقی مقناطیسی نظام ٹرین کو تیزی سے آگے بڑھاتا ہے۔
یہ تجربہ صرف ریکارڈ رفتار تک محدود نہیں تھا بلکہ ٹرین کو محفوظ طریقے سے روکنے میں بھی کامیاب رہا۔ ٹرین نے 800 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار کے بعد تقریباً 200 میٹر کے فاصلے میں ہمواری سے اسٹاپ کیا۔
یاد رہے کہ ڈونگہو لیبارٹری نے پہلے بھی میگلیو ٹیکنالوجی میں ریکارڈ قائم کیے ہیں۔ جون 2025 میں 650 کلومیٹر فی گھنٹہ اور جولائی میں 700 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار کے تجربات کیے گئے تھے۔















