ڈونلڈ ٹرمپ ایران کے ساتھ جنگ بندی کے لیے آبنائے ہرمز کو کھلوانے پر اصرار کر رہے ہیں۔ امریکہ کا ایران کے جوہری پروگرام کو روکنے کا دعویٰ بھی برقرار ہے۔
واشنگٹن: (رائیٹ ناؤ نیوز) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران کے ساتھ جاری جنگ میں آبنائے ہرمز کو کھلوانے کی شرط رکھی ہے۔ انہوں نے کہا ہے کہ اگر تہران آبنائے ہرمز کو دوبارہ کھول دیتا ہے تو وہ ایران کے ساتھ جنگ ختم کرنے کو تیار ہیں۔
امریکی اخبار کے مطابق ٹرمپ نے اپنے قریبی مشیروں کو بتایا ہے کہ وہ ایران کے ساتھ جوہری معاہدے کے بغیر بھی معاملہ نمٹانے پر آمادہ ہیں۔ وائٹ ہاؤس کے حکام کے مطابق امریکا نے ایران کے خلاف تمام فوجی اہداف حاصل کرلیے ہیں۔
حکام نے بتایا ہے کہ تہران کی جانب سے آبنائے ہرمز دوبارہ کھولنے کی صورت میں امریکا ایران کے ساتھ جوہری معاہدے کی کوششیں ترک کرسکتا ہے۔ ٹرمپ کا خیال ہے کہ ایران کے لیے جوہری پروگرام دوبارہ شروع کرنا مشکل ہوگا۔
ٹرمپ نے مشیروں سے کہا ہے کہ انٹیلی جنس نظام ایران کے جوہری پروگرام کو روکنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔ امریکی حکام کا کہنا ہے کہ حالات میں بہتری کی صورت میں امریکی بحری ناکہ بندی ختم کی جاسکتی ہے۔
واضح رہے کہ آبنائے ہرمز کا دوبارہ کھلنا ٹرمپ انتظامیہ کے لیے مرکزی حیثیت رکھتا ہے اور مستقبل کی بات چیت کا انحصار اسی پر ہوگا۔















