یومِ استحصال کے موقع پر صدر اور وزیراعظم نے کشمیری عوام کے حقِ خودارادیت کی حمایت کا اعادہ کیا۔ انہوں نے بھارت کے 5 اگست 2019 کے یکطرفہ اقدامات کی مذمت کی۔
اسلام آباد: (رائیٹ ناؤ نیوز) یومِ استحصال کشمیر کے موقع پر صدر اور وزیراعظم پاکستان نے کشمیری عوام کے ساتھ غیر متزلزل یکجہتی کا اعادہ کیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ کشمیری عوام کی بہادری اور حقِ خود ارادیت کی جدوجہد کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہیں۔
صدر آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ 5 اگست کے بھارتی یکطرفہ اقدامات بین الاقوامی قانون کی خلاف ورزی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بھارت کے غیر قانونی اقدامات کشمیر کی متنازع حیثیت تبدیل نہیں کر سکتے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین پامالیاں اور بنیادی آزادیوں پر قدغنیں تشویشناک ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان ہر عالمی فورم پر کشمیری عوام کی آواز بلند کرتا رہے گا۔
یہ مسئلہ جنوبی ایشیا میں امن و استحکام کے لئے سب سے بنیادی مسئلہ ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ بھارت کو 5 اگست 2019 کے غیر قانونی اقدامات واپس لینے ہوں گے۔
واضح رہے کہ 5 اگست 2019 کو بھارت نے جموں و کشمیر کی خودمختاری ختم کرنے کے لئے اقدام کیا تھا جس پر عالمی سطح پر تشویش کا اظہار کیا گیا تھا۔











