کےفور منصوبے کی تکمیل کے لیے مزید 70 ارب روپے کی ضرورت ہے جبکہ 86 ارب روپے خرچ ہوچکے ہیں۔ پانی کی کمی کے باعث کراچی میں ٹینکر مافیا سرگرم ہے۔
کراچی: (رائیٹ ناؤ نیوز) وفاقی وزیر آبی وسائل معین وٹو نے قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی میں انکشاف کیا کہ کےفور منصوبے پر 86 ارب روپے خرچ ہوچکے ہیں۔ اس منصوبے کا 40 فیصد کام مکمل ہوا ہے اور مزید 70 ارب روپے درکار ہیں۔
اجلاس کے دوران ایم کیو ایم کے رکن امین الحق نے کےفور منصوبے کی تاخیر پر توجہ دلائی۔ چیئرمین واپڈا لیفٹننٹ جنرل (ر) محمد سعید نے کہا کہ فنڈز کی قلت تھی، مگر حکومت سندھ نے 7 ارب 70 کروڑ روپے ادا کیے ہیں۔
وفاقی وزیر آبی وسائل نے بتایا کہ پانی کی تقسیم صوبائی حکومت کا کام ہے، جبکہ منصوبے کی تکمیل کے لیے مزید فنڈز کی ضرورت ہے۔
سید وسیم آفتاب نے کہا کہ کراچی میں ٹینکر مافیا سرگرم ہے اور لوگ مہنگے داموں پانی خریدنے پر مجبور ہیں۔
یاد رہے کہ کلری جھیل کے خشک ہونے سے پانی کی فراہمی متاثر ہوئی ہے، جس سے کراچی کی پانی کی ضروریات پوری نہیں ہو رہیں۔











