بھارتی عسکری نظریہ جنوبی ایشیا میں عدم استحکام کا باعث بن رہا ہے۔تھنک ٹینک رپورٹ

سی آئی ایس ایس نے خبردار کیا کہ بھارت کا ‘نیو نارمل’ عسکری نظریہ جنوبی ایشیا میں عدم استحکام کا باعث ہے۔

RIGHTNOW NEWS
ویب ڈیسک

اسلام آباد: (رائیٹ ناوٴ نیوز) سینٹر فار انٹرنیشنل اسٹریٹجک اسٹڈیز (سی آئی ایس ایس) نے خبردار کیا ہے کہ بھارت کا ‘نیو نارمل’ عسکری نظریہ جنوبی ایشیا میں عدم استحکام کا باعث بن رہا ہے۔ سی آئی ایس ایس کے مطابق یہ پالیسی کسی بھی آئندہ بحران میں خطرناک سطح تک کشیدگی بڑھا سکتی ہے۔ یہ موقف سی آئی ایس ایس اور آسٹریلوی ماہرین کے درمیان ہونے والے مکالمے میں پیش کیا گیا۔

سی آئی ایس ایس کے وفد نے کہا کہ بھارت ‘نیو نارمل’ کے بیانیے کے ذریعے یکطرفہ فوجی کارروائیوں کو معمول کا حصہ بنانے کی کوشش کر رہا ہے، جسے انسداد دہشت گردی کے نام پر درست ثابت کیا جا رہا ہے۔ 2019 کے بعد سے یہ نظریہ بھارتی پالیسی کا مرکزی ستون بن چکا ہے۔

تھنک ٹینک نے کہا کہ بھارت محدود جنگی حکمت عملی کے ذریعے اپنی روایتی عسکری برتری کا استعمال بڑھا رہا ہے، جو کسی بھی بحران میں غلط اندازے کے امکانات کو بڑھاتا ہے۔ سی آئی ایس ایس کے مطابق ‘جوہری ماحول میں یقینی فوجی جواب عدم استحکام کا ذریعہ ہے’۔

پاکستانی ماہرین نے کہا کہ بھارت ہر واقعے کا الزام پاکستان پر دھر دیتا ہے، حالانکہ اس کے اندرونی طور پر دو درجن سے زائد علیحدگی پسند تحریکیں سرگرم ہیں۔ ان کے مطابق ایسے الزامات خطے میں بحران کے استحکام کو کمزور کرتے ہیں۔

سی آئی ایس ایس نے مغربی ممالک کے اس تصور کو بھی غلط قرار دیا جس کے مطابق بھارت چین کا توازن قائم رکھنے میں اہم کردار ادا کرے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ بھارت کی عسکری جدیدکاری کا بڑا حصہ بدستور پاکستان کے خلاف مرکوز ہے۔

دیگر متعلقہ خبریں