کراچی میں قیوم آباد کی ڈیڑھ سالہ بچی کے ساتھ زیادتی و ہلاکت کے بعد مقامی افراد نے ملزم کو سزائے موت کا مطالبہ کیا ہے۔ پولیس نے ملزم کو گرفتار کر لیا ہے۔
کراچی: (رائیٹ ناؤ نیوز) قیوم آباد میں ڈیڑھ سالہ بچی ایزل علی کے ساتھ زیادتی اور ہلاکت کے معاملے پر والد اور مقامی رہائشیوں نے ملزم کو سزائے موت دینے کا مطالبہ کیا ہے۔ ملزم کو پولیس نے پہلے ہی گرفتار کر لیا ہے۔
بچی کے والد رانا علی نے بتایا کہ ملزم اکثر بیٹی کو چیز دلانے لے جاتا تھا۔ واقعے کے روز بھی ملزم بچی کو ساتھ لے گیا اور 20 منٹ بعد بچی کو نڈھال حالت میں گھر چھوڑ گیا۔
بچی کی طبیعت بگڑنے پر اسے دوا دی گئی، مگر حالت مزید خراب ہو گئی اور اسے الٹیاں شروع ہو گئیں۔ اسے جناح اسپتال لے جایا گیا، لیکن راستے میں ہی دم توڑ گئی۔ ملزم کو پولیس کے حوالے کر دیا گیا ہے۔
والد نے انصاف کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ ملزم کے ساتھ ملوث افراد کے خلاف بھی کارروائی کی جائے۔ قیوم آباد کے رہائشیوں نے وزیر اعلیٰ اور آئی جی سندھ سے گرفتار ملزم کو سزائے موت دینے کا مطالبہ کیا ہے۔
واضح رہے کہ بچی کے قتل کا مقدمہ والد کی مدعیت میں درج کر لیا گیا ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ پوسٹ مارٹم رپورٹ کے بعد زیادتی اور وجہ موت کا تعین ہو سکے گا، ملزم سے تفتیش جاری ہے۔













