وفاقی وزیر توانائی اویس لغاری نے عمران خان کو قوم کے سامنے بےنقاب قرار دیا ہے، فوج کے خلاف بیانیہ بنانے کو غداری کہا۔
اسلام آباد: (رائیٹ ناوٴ نیوز) وفاقی وزیر توانائی اویس خان لغاری نے کہا ہے کہ بانی پاکستان تحریک انصاف عمران خان مکمل طور پر بےنقاب ہو چکے ہیں۔ اویس لغاری نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ڈی جی آئی ایس پی آر کی پریس کانفرنس قوم کے دل کی آواز ہے اور بانی پی ٹی آئی کے حوالے سے ریاستی ادارے کی دو ٹوک پوزیشن قابل تحسین ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ پاک فوج کے خلاف جھوٹا بیانیہ بنانے والا شخص قوم و ملک کا غدار ہے اور وہ کسی رعایت کا مستحق نہیں۔ اویس لغاری نے کہا کہ آزادی اظہار کبھی بھی ملکی سالمیت سے بالاتر نہیں ہو سکتی اور مسلح افواج کے خلاف بیانیہ بنانے والے قابل مذمت ہیں۔
اویس خان لغاری نے خیبر پختونخوا حکومت پر بھی تنقید کرتے ہوئے کہا کہ 12 سال سے حکومت ہونے کے باوجود کارکردگی صفر ہے اور قوم کو بہکانے کی کوشش ناکام ہوگی۔















