ڈیرہ اسماعیل خان میں پولیس موبائل پر فائرنگ کے نتیجے میں دو اہلکار شہید، حملہ آوروں کی تلاش جاری۔
ڈیرہ اسماعیل خان: (رائیٹ ناؤ نیوز) نامعلوم مسلح افراد نے پولیس کی موبائل پر اچانک فائرنگ کر دی، جس کے نتیجے میں اے ایس آئی فقیر حسین اور ہیڈ کانسٹیبل وزیر خان شہید ہو گئے۔
پولیس کے مطابق یہ حملہ اس وقت ہوا جب متاثرہ پولیس موبائل درابن سے واپس آ رہی تھی۔ حملہ آوروں نے راستے میں گاڑی پر فائرنگ کی، جس سے دونوں اہلکار موقع پر ہی شہید ہو گئے۔
واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس کی بھاری نفری جائے وقوعہ پر پہنچ گئی۔ حملہ آوروں کی تلاش کے لیے علاقے میں سرچ آپریشن شروع کر دیا گیا ہے۔
پولیس نے شہید اہلکاروں کی لاشیں ضروری کارروائی کے لیے اسپتال منتقل کر دی ہیں۔ حملہ آوروں کی گرفتاری کے لیے کارروائیاں جاری ہیں۔
یاد رہے کہ ڈیرہ اسماعیل خان میں پہلے بھی پولیس پر حملے ہو چکے ہیں، جن میں کئی اہلکار شہید ہوئے ہیں۔














