کیلیفورنیا میں ایف-35 طیارہ حادثے کا شکار ہوا، پائلٹ محفوظ رہا۔ عسکری حکام نے حادثے کی تحقیقات شروع کر دی ہیں۔
کیلیفورنیا: (رائیٹ ناؤ نیوز) سان ڈیگو کے قریب میرامار میرین کور ایئر اسٹیشن پر ایف-35 بی اسٹیلتھ فائٹر جیٹ لینڈنگ کے دوران حادثے کا شکار ہوا۔ پائلٹ بروقت ایجیکٹ کرنے میں کامیاب رہا اور محفوظ حالت میں مقامی طبی مرکز منتقل کر دیا گیا ہے۔
امریکی ملٹری حکام نے واقعے کو ‘کلاس اے’ حادثہ قرار دیا ہے، جو 25 لاکھ ڈالر سے زائد کا نقصان ظاہر کرتا ہے۔ حادثے کے بعد طیارے میں آگ بھڑک اٹھی اور ریسکیو اہلکاروں نے کارروائیاں شروع کر دیں۔
میرین کور کے مطابق پائلٹ کے زخم جان لیوا نہیں ہیں اور وہ مستحکم حالت میں ہیں۔ طیارہ لینڈنگ کی تیاری کے دوران نیچے آ گیا اور قریبی میدان میں جا ٹکرایا۔
عینی شاہدین کے مطابق طیارہ 100 فٹ کی بلندی پر تھا جب پائلٹ نے ایجیکٹ کیا۔ سان ڈیگو فائر ڈیپارٹمنٹ نے موقع پر پہنچ کر آگ پر قابو پایا۔
یاد رہے کہ ایف-35 بی طیارہ عمودی اڑان بھرنے کی صلاحیت رکھتا ہے اور ایک طیارے کی قیمت تقریباً 10 کروڑ 90 لاکھ ڈالر ہے۔ عسکری حکام نے حادثے کی تحقیقات شروع کر دی ہیں۔













