خیبر پختونخوا کے سرکاری ادارے قانونی معلومات کا محض 57 فیصد پبلک کرتے ہیں، فافن رپورٹ کے مطابق معلومات کی شفافیت میں فقدان ہے۔
پشاور: (رائیٹ ناوٴ نیوز) خیبر پختونخوا کے سرکاری ادارے قانونی طور پر ضروری معلومات کا محض 57 فیصد عوام کے لیے ظاہر کرتے ہیں۔ یہ انکشاف فافن کی رپورٹ میں ہوا ہے جو کہ خیبر پختونخوا کے 190 سرکاری اداروں کی ویب سائٹس پر موجود معلومات کی جانچ کے بعد جاری کی گئی۔
رپورٹ کے مطابق خیبر پختونخوا رائٹ ٹو انفارمیشن ایکٹ 2013 کے سیکشن 5 کے تحت ان معلومات کا عوامی سطح پر شائع ہونا قانونی تقاضہ ہے۔ اوقاف، حج، مذہبی امور اور محکمہ معدنیات نے 92 فیصد مطلوبہ معلومات آویزاں کی ہیں جبکہ سینٹرل جیل پشاور اور پشاور ڈیویلپمنٹ اتھارٹی نے 83 فیصد معلومات فراہم کی ہیں۔
خود مختار اداروں میں سب سے زیادہ 92 فیصد معلومات زرعی یونیورسٹی پشاور نے عوام کے لیے دستیاب کی ہیں۔ 27 سیکرٹریٹ محکموں، 73 اٹیچڈ محکموں اور 30 خود مختار اداروں نے 33 سے 67 فیصد معلومات آویزاں کی ہیں۔
فافن کی رپورٹ کے مطابق خیبر پختونخوا میں سرکاری فیصلہ سازی اور مالیاتی شفافیت سے متعلق معلومات کا فقدان ہے۔ صرف 27 فیصد سرکاری اداروں نے اخراجات کے بارے میں معلومات فراہم کی ہیں۔















