قطر اور پاکستان نے تجارتی شراکت داری اور ٹیکنالوجی تعاون بڑھانے کا اعلان کیا، وزیر خزانہ نے معاشی استحکام پر روشنی ڈالی۔
اسلام آباد: (رائیٹ ناوٴ نیوز) قطر نے پاکستان کو ‘برادر ملک’ قرار دے کر نئی تجارتی شراکت داری کا اعلان کیا ہے۔ دونوں ممالک نے مصنوعی ذہانت اور ڈیجیٹل ٹیکنالوجی میں مشترکہ تعاون پر اتفاق کیا ہے، جبکہ دوطرفہ ملاقات میں ایف ٹی اے پر پیشرفت کو تیز کرنے کا عزم بھی ظاہر کیا ہے۔ توانائی، ایل این جی اور ٹیکنالوجی کے شعبوں میں تعاون بڑھانے پر بھی اتفاق ہوا ہے۔
وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے دوحہ فورم میں پاکستان کی معاشی استحکام پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور جی سی سی کے درمیان فری ٹریڈ ایگریمنٹ موجود ہے اور خلیج کے ساتھ تجارت کے نئے دور کا آغاز ہو چکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ آئی ٹی اور ٹیکنالوجی برآمدات 4 ارب ڈالر تک پہنچنے کی توقع ہے، جبکہ امریکا سے 19 فیصد ٹیکسٹائل ٹیرف میں ریلیف حاصل کیا گیا ہے۔
محمد اورنگزیب نے بتایا کہ سیلاب سے پاکستان کی جی ڈی پی میں 0.5 فیصد کمی کی توقع ہے اور ہنگامی کلائمیٹ فنانسنگ کی ضرورت ہے۔ آئی ایم ایف کے مطابق پاکستان درست معاشی اصلاحاتی راستے پر گامزن ہے اور 13 ارب ڈالر کا ریزیلیئنس اینڈ سسٹین ایبلٹی پروگرام مل چکا ہے۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ سی پیک فیز 2.0 میں بی ٹو بی سرمایہ کاری کی طرف منتقلی کی جا رہی ہے اور پاکستانی نوجوانوں کے لیے اے آئی، بلاک چین اور ایڈوانس ڈیجیٹل اسکلز میں عالمی مواقع موجود ہیں۔














