جھارکھنڈ کے قبائلی گاؤں میں فیفا ورلڈ کپ کے موقع پر منفرد فٹبال ٹورنامنٹ ہوا، جہاں فاتح ٹیموں کو بکرے انعام میں دیے گئے۔
جھارکھنڈ: (رائیٹ ناؤنیوز) بھارتی ریاست جھارکھنڈ کے قبائلی گاؤں میں فیفا ورلڈ کپ 2026 کے موقع پر ایک منفرد فٹبال ٹورنامنٹ منعقد ہوا۔ اس ٹورنامنٹ میں فاتح ٹیموں کو روایتی ٹرافیوں کے بجائے بکرے انعام میں دیے گئے۔
یہ ٹورنامنٹ 14 سے 17 جولائی تک منعقد ہوا جس میں 64 دیہات کی ٹیموں نے حصہ لیا۔ فائنل میں فاتح ٹیم کو 15 ہزار روپے اور تین بکرے ملے جبکہ رنر اپ ٹیم کو 12 ہزار روپے اور دو بکرے دیے گئے۔
منتظمین کے مطابق، ٹورنامنٹ فیفا قوانین کے مطابق منعقد کیا گیا، مگر مقامی روایات کے تحت 11 کے بجائے 9 کھلاڑی کھیلتے ہیں۔ کم از کم 6 کھلاڑی ایک ہی گاؤں سے ہونے ضروری ہیں اور آف سائیڈ کا قانون لاگو نہیں ہوتا۔
مقامی قبیلے میں بکرے ثقافتی اہمیت رکھتے ہیں، انہیں تقریبات میں لازمی سمجھا جاتا ہے۔ فاتح ٹیموں کو بکرے دیے جاتے ہیں تاکہ برادری کامیابی کا جشن منا سکے۔
یاد رہے کہ جھارکھنڈ کھیلوں کا مرکز رہا ہے اور یہاں مقامی ٹورنامنٹس نوجوان کھلاڑیوں کو اپنی صلاحیتیں دکھانے کا موقع دیتے ہیں۔ دیہی علاقوں میں فٹبال کا جنون غیر معمولی ہے۔













