وزیراعظم نے ایس اینڈ پی کی جانب سے کریڈٹ ریٹنگ میں بہتری کو حکومت کی اصلاحاتی کوششوں کا اعتراف قرار دیا ہے۔
اسلام آباد: (رائیٹ ناؤنیوز) وزیراعظم شہباز شریف نے پاکستان کی کریڈٹ ریٹنگ میں بہتری کو ملکی معیشت کے لیے اہم سنگ میل قرار دیا ہے۔ انہوں نے عالمی کریڈٹ ریٹنگ ایجنسی ایس اینڈ پی گلوبل کی جانب سے کریڈٹ ریٹنگ کو ‘بی مائنس’ سے ‘بی’ کرنے کا خیرمقدم کیا۔
وزیراعظم نے کہا کہ یہ کامیابی حکومت کی مؤثر معاشی پالیسیوں اور مالیاتی نظم و ضبط کی عکاس ہے۔ بین الاقوامی ادارے کی جانب سے یہ درجہ بندی معیشت میں استحکام کی علامت ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ حکومت کے اقدامات درست سمت میں ہیں، ٹیکس نظام کی بہتری اور مالی خسارے میں کمی کے نتائج تسلیم کیے جا رہے ہیں۔
وزیراعظم نے بین الاقوامی سرمایہ کاروں کے اعتماد میں اضافے کی توقع ظاہر کی۔ انہوں نے کہا کہ اس پیش رفت سے پاکستان میں سرمایہ کاری کے نئے مواقع پیدا ہوں گے۔
واضح رہے کہ ایس اینڈ پی گلوبل نے آئی ایم ایف پروگرام کے تحت اصلاحات، ادارہ جاتی استحکام اور معاشی اشاریوں کی بہتری کی بنیاد پر یہ فیصلہ کیا ہے۔













