کراچی ایئرپورٹ پر مسافروں کی آف لوڈنگ معاملہ وفاقی محتسب تک پہنچ گیا

کراچی ایئرپورٹ پر 25 مسافروں کی آف لوڈنگ کا معاملہ وفاقی محتسب کے زیر غور، تحقیقات کا حکم جاری۔

RIGHTNOW NEWS
ویب ڈیسک

کراچی: (رائیٹ ناوٴ نیوز) کراچی ایئرپورٹ پر مسافروں کو آف لوڈ کرنے کا معاملہ وفاقی محتسب تک پہنچ گیا ہے۔ اوورسیز ایمپلائمنٹ پروموٹر کی جانب سے جمع کرائی گئی تحریری شکایت پر وفاقی محتسب نے 25 مسافروں کی آف لوڈنگ کے معاملے کی تحقیقات کا حکم جاری کر دیا ہے۔ ڈی جی ایف آئی اے کو 15 دسمبر تک تحقیقاتی رپورٹ جمع کرانے کی ہدایت کی گئی ہے۔

شکایت میں کہا گیا کہ 5 نومبر کو ترکی ملازمت کے لئے جانے والے 25 مسافروں کو بلاجواز پرواز سے آف لوڈ کیا گیا، تمام سفری دستاویزات کے باوجود پنجاب کے بجائے کراچی ایئرپورٹ سے جانے پر ایف آئی اے نے زبانی اعتراض کیا۔

اوورسیز ایمپلائمنٹ پروموٹر نے کہا کہ پروٹیکٹر آف امیگرانٹس کی کلیئرنس، فارن سروس ایگریمنٹ کی موجودگی کے باوجود مسافروں کو آف لوڈ کیا گیا، آف لوڈ کیے جانے کی کوئی مہر نہیں لگائی گئی اور نہ ہی کوئی رسید جاری ہوئی۔ ایف آئی اے کی بلاجواز اور غیر قانونی کارروائی پر تحقیقات کی جائیں۔

ڈی جی ایف آئی اے نے ڈائریکٹر کراچی زون کو رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کر دی ہے جو ایف آئی اے ہیڈکوارٹرز سے کمشنر تحفظات برائے اوورسیز پاکستانیز کے ذریعے وفاقی محتسب کو پیش کی جائے گی۔

دیگر متعلقہ خبریں