اویس لغاری نے کہا کہ نیٹ میٹرنگ اصلاحات جلد متعارف ہوں گی، پاکستان 2035 تک 90 فیصد بجلی صاف توانائی سے حاصل کرے گا۔
اسلام آباد: (رائیٹ ناوٴ نیوز) وفاقی وزیر پاور ڈویژن سردار اویس احمد خاں لغاری نے ایشیا انرجی سمٹ میں کہا کہ نیٹ میٹرنگ سے متعلق اصلاحات آئندہ چند ہفتوں میں متعارف ہوں گی۔ انہوں نے زور دیا کہ پاور سیکٹر کو ڈیجیٹل، شفاف اور صارف دوست بنایا جا رہا ہے۔
اویس لغاری نے کہا کہ پاکستان 2035 تک 90 فیصد بجلی صاف توانائی سے حاصل کرے گا، اور 52 فیصد بجلی پہلے ہی صاف توانائی سے پیدا ہو رہی ہے، جو ایک تاریخی سنگ میل ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ڈسکوز کی نجکاری اور سرکلر ڈیٹ میں کمی حکومتی ترجیحات میں شامل ہیں۔
وفاقی وزیر نے بتایا کہ پاکستان ایشیا کی تیزی سے بڑھتی ہوئی شمسی مارکیٹ بن چکا ہے جہاں 17 گیگا واٹ سولر درآمد کیا گیا ہے، جب کہ بلوچستان کے ٹیوب ویلز کو سولرائز کر کے پانی اور توانائی دونوں بحرانوں کا حل نکالا جا رہا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ موسمیاتی تبدیلی کے اثرات کا سامنا کرنے کے باوجود پاکستان کا حصہ ایک فیصد سے کم ہے، اور ایشیا کو عالمی توانائی سفارتکاری میں قائدانہ کردار ادا کرنا ہوگا۔














