وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے گوجرانوالہ میں ماس ٹرانزٹ سسٹم کا سنگ بنیاد رکھا اور پنجاب میں جاری ترقیاتی منصوبوں کی اہمیت پر زور دیا۔
گوجرانوالہ: (رائیٹ ناوٴ نیوز) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے گوجرانوالہ میں ماس ٹرانزٹ سسٹم کا سنگ بنیاد رکھا اور کہا کہ پنجاب میں جاری ترقیاتی منصوبوں پر نواز شریف اور شہباز شریف کی مہر ہے۔ انہوں نے کہا کہ مہنگائی میں 40 فیصد سے 4 فیصد تک کمی آئی ہے اور پنجاب میں سی پیک، میٹرو بس، اورنج لائن، تعلیم و ٹیکنالوجی میں ترقی ہو رہی ہے۔
وزیراعلیٰ نے کہا کہ میانوالی اور گجرات میں بنیادی ترقیاتی منصوبے جاری ہیں اور پنجاب بھر میں سیوریج اور پینے کے صاف پانی کے منصوبے مکمل کیے جا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ستھرا پنجاب پروگرام دنیا کا سب سے بڑا منصوبہ بن چکا ہے اور فوربز میگزین نے بھی اس کی پذیرائی کی ہے۔
مریم نواز نے خیبر پختونخوا حکومت کی کارکردگی کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ خیبر پختونخوا میں 12 سال سے حکومت کی کارکردگی صفر ہے اور ن لیگ کو وہاں کی عوام نے ووٹ دیا۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ پنجاب بھر میں مزدوروں کے لیے راشن کارڈ جاری کیے گئے ہیں اور طلبہ کو 80 ہزار اسکالرشپ اور ایک لاکھ لیپ ٹاپ دیے جا چکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب میں صحت کے اسٹیٹ آف دی آرٹ منصوبے بھی جاری ہیں۔















