ایف آئی اے نے عمرہ ویزے پر یورپ جانے کی کوشش ناکام بنا دی۔ چار مسافر اسلام آباد ایئرپورٹ پر آف لوڈ، مزید تفتیش جاری۔
اسلام آباد: (رائیٹ ناؤنیوز) ایف آئی اے نے اسلام آباد ایئرپورٹ پر 4 مسافروں کو عمرہ ویزے پر سعودی عرب جانے سے روک دیا۔ ان پر مشتبہ غیر قانونی امیگریشن کی کوشش کا الزام تھا۔
ایف آئی اے کے مطابق، سیکنڈری پروفائلنگ میں مسافروں کے دستاویزات کی جانچ کی گئی۔ ایک مسافر پہلے ترکی میں غیر قانونی داخلے پر ڈیپورٹ ہو چکا تھا جبکہ دو کے پاس آذربائیجان کے وزٹ ویزے تھے۔
تفتیش میں انکشاف ہوا کہ دو مسافر اپنی والدہ کو عمرہ کرانے کے بہانے سعودی عرب جا رہے تھے۔ منصوبہ تھا کہ والدہ کو واپس بھیج کر خود یورپ روانہ ہوں۔
چیٹ ریکارڈ سے ظاہر ہوا کہ مسافروں نے باکو-سربیا روٹ کے ذریعے یورپ جانے کی منصوبہ بندی کی تھی۔ وہ انسانی اسمگلنگ نیٹ ورک کے ایجنٹس سے رابطے میں تھے۔
واضح رہے کہ چاروں مسافروں کو آف لوڈ کر کے اینٹی ہیومن ٹریفکنگ سرکل اسلام آباد کے حوالے کر دیا گیا ہے اور مزید تفتیش جاری ہے۔














