آئی سی سی کے نئے فارمیٹ کے تحت 2027 ورلڈکپ کوالیفائر کی اہمیت بڑھ گئی ہے، جس میں فاتح ٹیم کو براہِ راست ورلڈکپ میں جگہ ملے گی۔
لاہور: (رائیٹ ناؤنیوز) آئی سی سی کے نئے ورلڈکپ فارمیٹ کے تحت 2027 ون ڈے ورلڈکپ کوالیفائر کی اہمیت مزید بڑھ گئی ہے۔ اس ایونٹ میں کامیاب ہونے والی ٹیم کو براہِ راست ورلڈکپ کے مرکزی مرحلے میں جگہ ملے گی۔
تفصیلات کے مطابق، یہ ایونٹ 10 ٹیموں پر مشتمل ہوگا اور اس کی فاتح ٹیم کو سپر سیریز کھیلنے کی ضرورت نہیں ہوگی۔ کوالیفائر 2027 کے آغاز میں متوقع ہے، تاہم اس کے میزبان اور حتمی شیڈول کا اعلان باقی ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ مقابلے کا فارمیٹ 2023 کوالیفائر جیسا ہوگا، جس میں 10 ٹیمیں دو گروپس میں تقسیم ہوں گی اور سپر سکس مرحلہ کھیلا جائے گا۔
آئی سی سی کے نئے نظام کے تحت ستمبر 2026 تک ون ڈے رینکنگ میں سرفہرست آٹھ ٹیموں سمیت جنوبی افریقا اور زمبابوے براہِ راست ورلڈکپ میں شامل ہوں گے۔ کوالیفائر کی فاتح ٹیم بھی مرکزی مرحلے میں شامل ہوگی۔
یاد رہے کہ کوالیفائر میں دو نچلی رینکنگ کی فل ممبر ٹیموں، لیگ 2 کی چار بہترین ٹیموں اور کوالیفائر پلے آف سے آنے والی چار ٹیموں سمیت کل 10 ٹیمیں حصہ لیں گی۔















