پنجاب میں پیرا فورس کی شفافیت کے لیے باڈی کیم نصب کرنے کی ہدایت، خصوصی تربیتی سیشنز اور الیکٹرک گاڑیاں فراہم کی جائیں گی۔
لاہور: (رائیٹ ناوٴ نیوز) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی زیر صدارت خصوصی اجلاس میں پیرا فورس کی کارکردگی اور نگرانی پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ اجلاس میں ہدایت کی گئی کہ پیرا فورس کی شفافیت اور کارکردگی بہتر بنانے کے لیے جلد باڈی کیم نصب کیے جائیں۔
مریم نواز نے کہا کہ قانون نافذ کرتے وقت عوام کے ساتھ رویہ دوستانہ اور باعزت ہونا چاہیے۔ پیرا فورس کی استعداد بڑھانے کے لیے خصوصی تربیتی سیشنز منعقد کیے جائیں گے تاکہ عوامی خدمت کے معیار کو بلند کیا جا سکے۔
علاوہ ازیں، پیرا فورس کو الیکٹرک گاڑیاں فراہم کرنے کی ہدایت دی گئی تاکہ عوامی خدمت کا ماحول محفوظ اور ماحول دوست بنایا جا سکے۔ وزیراعلیٰ نے اسٹیٹ آف دی آرٹ پیرا ٹریننگ سنٹر کے قیام کی منظوری بھی دی تاکہ جدید تربیت کے ذریعے اہلکاروں کی کارکردگی اور عوامی اعتماد میں اضافہ ہو سکے۔
مریم نواز نے کہا کہ پیرا فورس اچھا کام کر رہی ہے لیکن عوام میں نیک نامی کے لیے شفافیت، ذمہ داری اور احترام کو یقینی بنانا ہوگا۔














