ملک میں ہفتہ وار مہنگائی کی شرح میں 0.64 فیصد کمی، 13 اشیاء مہنگی جبکہ 15 سستی ہوئیں۔
اسلام آباد: (رائیٹ ناوٴ نیوز) ملک میں ہفتہ وار مہنگائی کی شرح میں 0.64 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی ہے جس کے بعد مجموعی سالانہ مہنگائی کی شرح 4 فیصد پر پہنچ گئی۔ وفاقی ادارہ شماریات نے ہفتہ وار مہنگائی کی رپورٹ جاری کی ہے۔
رپورٹ کے مطابق، ایک ہفتے کے دوران 13 اشیاء کی قیمتوں میں اضافہ ہوا، 15 اشیاء کی قیمتیں کم ہوئیں جبکہ 23 کی قیمتوں میں استحکام رہا۔ لہسن 1.86 فیصد، کوکنگ آئل 1.54 فیصد، انڈے 0.81 فیصد اور گھی 0.40 فیصد مہنگا ہوا۔ کیلے، آٹا، ایل پی جی اور سگریٹس کی قیمتوں میں بھی اضافہ دیکھا گیا۔
ادارہ شماریات کی رپورٹ کے مطابق، ایک ہفتے میں ٹماٹر 30.11 فیصد، پیاز 12.41 فیصد اور آلو 6.92 فیصد سستے ہوئے جبکہ چکن کی قیمت میں 4.46 فیصد اور چینی کی قیمت میں 3.31 فیصد کمی ہوئی۔ دال چنا، دال مسور، ڈیزل اور پیٹرول بھی سستے ہوئے۔
ادارہ شماریات کے مطابق اشیاء کی برآمدات میں اضافہ ہوا ہے اور افراط زر کی شرح مسلسل 9 ماہ سے سنگل ڈیجیٹ میں ہے۔ نومبر میں مہنگائی کی شرح 4.9 فیصد ریکارڈ کی گئی۔














