خیبرپختونخوا میں شہداء کے اہل خانہ کی بھرتی کے رولز میں ترمیم، بیوہ یا بچہ گریڈ 3 سے 12 تک تعینات ہو سکتا ہے۔
پشاور: (رائیٹ ناوٴ نیوز) خیبرپختونخوا میں شہداء کے بچوں یا بیوہ کی بھرتی سے متعلق رولز میں اہم ترمیم کر دی گئی ہے۔ اب دہشتگردی کے واقعات میں شہید ہونے والے سرکاری ملازمین کے اہل خانہ کو ملازمت دی جائے گی، جس میں بیوہ یا بچہ گریڈ 3 سے 12 تک کسی مناسب پوسٹ پر تعینات ہو سکتا ہے۔
نوٹیفکیشن کے مطابق اگر بیٹا نابالغ ہو تو بیوہ کو ترجیحی بنیادوں پر ملازمت فراہم کی جائے گی، جبکہ دو بیواؤں کی صورت میں بڑی بیوہ کو فوقیت دی جائے گی۔
نئی ترمیم کا اطلاق کمیشن کے دائرہ اختیار میں آنے والی پوسٹوں پر نہیں ہوگا، اور تعیناتی صرف اس وقت ممکن ہوگی جب امیدوار مقررہ قابلیت رکھتا ہو۔ مختلف گریڈز میں اگر ایک سے زائد آسامیاں ہوں تو اعلیٰ گریڈ کی پوسٹ بھی دی جا سکتی ہے۔ محکمہ اسٹیبلشمنٹ خیبرپختونخوا نے ترامیم کا اعلامیہ جاری کر دیا ہے۔















