پاکستان اور ایشیائی ترقیاتی بینک کے درمیان تین اہم معاہدوں پر دستخط ہو گئے جس میں ایم ایل ون کراچی روہڑی سیکشن اور دیگر منصوبے شامل ہیں۔
اسلام آباد: (رائیٹ ناوٴ نیوز) پاکستان اور ایشیائی ترقیاتی بینک کے درمیان تین اہم معاہدوں پر دستخط ہو گئے۔ ان معاہدوں میں ایم ایل ون کراچی روہڑی سیکشن کے لئے پراجیکٹ ریڈینینس فنانسنگ، کوئٹہ بس ریپڈ ٹرانزٹ کے لئے پراجیکٹ ریڈینینس فنانسنگ اور بلوچستان واٹر ریسورسز ڈویلپمنٹ سیکٹر منصوبے کے لئے اضافی فنانسنگ شامل ہیں۔
سیکرٹری اقتصادی امور محمد کریم، سیکرٹری ریلوے مظہر علی شاہ اور ایشیائی ترقیاتی بینک کی جانب سے کنٹری ڈائریکٹر ایما فین نے ان معاہدوں پر دستخط کئے۔ سیکرٹری اقتصادی امور نے اس موقع پر کہا کہ اہم منصوبوں پر معاونت کے لئے ایشیائی ترقیاتی بینک کے مشکور ہیں۔
کنٹری ڈائریکٹر ایما فین نے حکومتِ پاکستان کی ان منصوبوں کے لئے مضبوط عزم کی تعریف کی اور کہا کہ ایشیائی ترقیاتی بینک پاکستان کے ساتھ تعاون جاری رکھے گا۔














