پی سی بی کی نیشنل کرکٹ اکیڈمی میں جدید ٹرو مین 3 مشین کی تنصیب، بیٹرز کے لیے اہم پیش رفت

پاکستان کرکٹ بورڈ نے نیشنل کرکٹ اکیڈمی میں جدید ٹرو مین 3 بولنگ مشین نصب کر دی۔ اس سے بیٹرز کی تکنیکی صلاحیتوں میں بہتری آئے گی۔

RIGHTNOW NEWS
ویب ڈیسک
پی سی بی کی نیشنل کرکٹ اکیڈمی میں جدید ٹرو مین 3 مشین کی تنصیب، بیٹرز کے لیے اہم پیش رفت

لاہور: (رائیٹ ناؤنیوز) پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے نیشنل کرکٹ اکیڈمی میں جدید ٹرو مین 3 بولنگ مشین نصب کر دی ہے۔ اس مشین کا مقصد کھلاڑیوں کی تربیت میں جدت لا کر ان کی تکنیکی صلاحیتوں کو بہتر بنانا ہے۔

پی سی بی کے مطابق اس نئی ٹیکنالوجی سے بیٹرز کو حقیقی میچ جیسی صورتحال میں پریکٹس کے مواقع مل سکیں گے۔ اس سے کھلاڑیوں کی تکنیک میں نکھار آئے گا اور پرفارمنس بہتر ہو گی۔

مشین کی خاصیت یہ ہے کہ اس کی فرنٹ اسکرین پر بولر کی ہائی کنٹراسٹ ایل ای ڈی اینیمیشن دکھائی دیتی ہے۔ اس سے بیٹرز کو بولر کے ایکشن اور ٹائمنگ کا درست اندازہ ہوتا ہے۔

کوچز اس مشین کی مدد سے مختلف گیندوں اور اسپیلز کو محفوظ کر سکتے ہیں۔ یہ بعد میں میچ جیسی صورتحال پیدا کرنے کے لیے استعمال ہوتے ہیں۔ رفتار، لائن، لینتھ اور سوئنگ کو بھی ضرورت کے مطابق تبدیل کیا جا سکتا ہے۔

واضح رہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ دنیا کا پہلا کرکٹ بورڈ ہے جو اس جدید مشین کو استعمال کر رہا ہے۔ قومی ٹیم کے کپتان سلمان علی آغا نے اسے جدید کرکٹ کی ضروریات کے مطابق اہم پیش رفت قرار دیا ہے۔

دیگر متعلقہ خبریں