حکومت نے بیرون ملک سے لائے جانے والے موبائل فونز پر ٹیکس کی تفصیلات جاری کی ہیں، جس میں قیمت کے مطابق مختلف ٹیکسز اور ڈیوٹیز شامل ہیں۔
اسلام آباد: (رائیٹ ناوٴ نیوز) حکومت نے بیرون ملک سے پاکستان لائے جانے والے موبائل فونز پر لاگو ٹیکس اور ڈیوٹی کی تفصیلات جاری کر دی ہیں۔ فیڈرل بورڈ آف ریونیو نے قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے خزانہ کو آگاہ کیا کہ موبائل فون کی قیمت کے مطابق مختلف ٹیکسز اور ڈیوٹیز وصول کی جاتی ہیں۔
ایف بی آر کے مطابق، موبائل فونز کی قیمت کا تعین ویلیوایشن رولنگ کے تحت کیا جاتا ہے، اور اگر کسی ماڈل کی ویلیوایشن موجود نہ ہو تو گزشتہ 90 دنوں کے درآمدی ریکارڈ کی بنیاد پر قیمت مقرر کی جاتی ہے۔ 30 ڈالر مالیت تک کے فونز پر مختلف ٹیکسز لاگو ہوتے ہیں جبکہ 500 ڈالر سے زائد قیمت کے فونز پر سب سے زیادہ ٹیکس وصول کیا جاتا ہے۔
موبائل فونز پر ٹیکس کی شرح مختلف قیمتوں کی بنیاد پر متعین کی گئی ہے، جن میں موبائل لیوی، ریگولیٹری ڈیوٹی، سیلز ٹیکس اور ودہولڈنگ ٹیکس شامل ہیں۔ 500 ڈالر سے زائد قیمت کے فونز پر سب سے زیادہ ریگولیٹری ڈیوٹی 22 ہزار روپے، سیلز ٹیکس 25 فیصد اور ودہولڈنگ ٹیکس 11 ہزار 500 روپے ہے۔













