سعودی اتحاد نے یمن میں حوثیوں کو خبردار کیا ہے کہ کسی بھی حملے کی صورت میں غیر معمولی جواب دیا جائے گا۔
صنعا: (رائیٹ ناؤ نیوز) سعودی اتحاد نے یمن میں حوثیوں کو خبردار کیا ہے کہ سعودی عرب، اس کے شہریوں یا اہم تنصیبات پر حملے کی کوشش پر غیر معمولی قوت سے جواب دیا جائے گا۔
ترجمان ترکی المالکی نے کہا کہ حوثیوں کی دھمکیاں یمن میں جاری انسانی و اقتصادی بحران سے توجہ ہٹانے کی کوشش ہیں۔ سعودی اتحاد سعودی عرب کے دفاع اور یمن کی خودمختاری کے لئے پرعزم ہے۔
اتحاد کے مطابق حوثیوں کا رویہ بحر احمر اور آبنائے باب المندب میں بین الاقوامی جہاز رانی کو خطرے میں ڈال رہا ہے۔ یمن کے بنیادی ڈھانچے اور معیشت کو نقصان پہنچ رہا ہے۔
واضح رہے کہ حوثیوں نے سعودی عرب پر یمن کی فضائی حدود کی خلاف ورزی کا الزام عائد کرتے ہوئے جوابی حملوں کی دھمکی دی تھی۔ ان حملوں میں سعودی ہوائی اڈے اور دیگر اہم تنصیبات کو نشانہ بنانے کی بات کی گئی تھی۔
سعودی اتحاد کا کہنا ہے کہ حوثیوں کی کاروائیاں خطے کی سلامتی اور امن کے لئے خطرہ ہیں، جبکہ یمن کی معیشت کو بھی متاثر کر رہی ہیں۔














