پشاور کی عدالت نے ڈی جی ایکسائز سمیت 8 اہلکاروں کی تنخواہ معطل کرنے کا حکم دیا، گواہان کی عدم پیشی کے باعث مقدمہ تاخیر کا شکار ہو رہا تھا۔
پشاور: (رائیٹ ناوٴ نیوز)
پشاور میں انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت نے عدالتی احکامات کی تعمیل نہ کرنے پر ڈی جی ایکسائز سمیت آٹھ اہلکاروں کی تنخواہ معطل کرنے کے لیے اکاؤنٹنٹ جنرل آفس کو مراسلہ بھیج دیا ہے۔
مراسلے کے مطابق عدالت میں سات دسمبر 2024 سے منشیات کا ایک مقدمہ زیر سماعت ہے، جس میں تھانہ ایکسائز کے سات اہلکار بطور استغاثہ گواہان نامزد ہیں۔
گواہان کو پیش ہونے کے لیے کئی بار نوٹسز جاری کیے گئے، جبکہ ڈی جی ایکسائز کو بھی نوٹس دیا گیا، لیکن کوئی عمل درآمد نہیں ہوا۔
مراسلے میں کہا گیا ہے کہ گواہان کے پیش نہ ہونے سے مقدمہ مزید طویل ہو رہا ہے، لہٰذا اکاؤنٹنٹ جنرل آفس ڈی جی ایکسائز سمیت دیگر اہلکاروں کی تنخواہ معطل کرے۔















