این ڈی ایم اے کی کمیٹی نے مون سون 2026 کے ممکنہ خطرات اور قومی تیاریوں کا جائزہ لیا۔ وفاقی وزرا اور اداروں کے نمائندگان نے شرکت کی۔
اسلام آباد: (رائیٹ ناؤ نیوز) این ڈی ایم اے کی ایمرجنسی رسپانس کمیٹی کا پہلا اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں مون سون 2026 کے ممکنہ خطرات اور قومی تیاریوں کا جائزہ لیا گیا۔
وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال نے ویڈیو لنک کے ذریعے اجلاس کی صدارت کی۔ وفاقی وزیر موسمیاتی تبدیلی مصدق ملک اور دیگر وفاقی اداروں کے نمائندگان نے شرکت کی۔
شرکا کو بتایا گیا کہ ایمرجنسی رسپانس کمیٹی کے سیکریٹریٹ کے فرائض این ڈی ایم اے انجام دے گی۔ کمیٹی نے مؤثر رابطہ کاری اور فوری ردعمل کے نظام کو مضبوط بنانے پر زور دیا۔
اجلاس میں زرعی پیداوار، آبی ذخائر اور قومی انفراسٹرکچر پر مون سون کے اثرات کا جائزہ لیا گیا۔ تمام صوبوں کے چیف سیکرٹریز کو کمیٹی میں شامل کرنے کی منظوری دی گئی۔
یاد رہے کہ مربوط قومی حکمت عملی کے ذریعے مون سون کے دوران جان و مال کا تحفظ یقینی بنایا جائے گا۔ این ڈی ایم اے نے ہنگامی ردعمل کے نظام کو مزید فعال بنانے کا عزم ظاہر کیا ہے۔













