وزیراعلٰی خیبر پختونخوا نے قبائلی اضلاع کے شیئر نہ ملنے پر تحفظات کا اظہار کیا اور بتایا کہ این ایف سی اجلاس میں اس پر بات چیت ہوئی۔
پشاور: (رائیٹ ناوٴ نیوز)وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی بدھ کے روز عمران خان سے اڈیالہ جیل ملاقات کے لئے سرکاری پروٹوکول میں داہگل ناکہ پہنچ گئے ہیں۔ وہ دسویں بار عمران خان سے ملاقات کے لئے آئے ہیں۔ اس سے قبل نو دفعہ ان کو عمران خان سے ملاقات کی اجازت نہیں ملی۔گزشتہ روز سلمان اکرم راجا نےوزیراعلیٰ سمیت چھ افراد کے نام عمران خان سے ملاقات کے لئے جیل حکام کے حوالے کئے تھے۔
وزیراعلٰی خیبر پختونخوا سہیل آفریدی نے اڈیالہ جیل کے قریب داہگل ناکے پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ این ایف سی اجلاس میں خیبر پختونخوا کا مقدمہ پیش کیا گیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ 25 ویں آئینی ترمیم کے تحت قبائلی اضلاع کو ضم کیا گیا ہے، لیکن ان کے حصے کا شیئر ابھی تک نہیں ملا۔ انہوں نے کہا کہ اجلاس میں یہ معاملہ اٹھایا گیا کہ ہمیں ہمارا حصہ نہ دینا غیر آئینی ہے۔
اجلاس میں فیصلہ ہوا ہے کہ 8 دسمبر تک ایک سب کمیٹی تشکیل دی جائے گی اور این ایف سی کا اجلاس جنوری کے وسط میں ہوگا۔ اگلے اجلاس میں ہم دوبارہ اس مسئلے کو اٹھائیں گے۔
وزیراعلٰی نے کہا کہ دہشت گردی کی وجہ سے خیبر پختونخوا شدید متاثر ہوا ہے اور باقی تینوں صوبوں کو ان کا حق دیا جا رہا ہے، ہمیں نہیں دیا جا رہا۔ تاہم، ہمیں یقین دہانی کرائی گئی ہے کہ ہمارا حق دیا جائے گا۔














