کیا جین زی واقعی روایات کی باغی اور بدتمیز ہے؟

کیا جین زی واقعی روایات کی باغی اور بدتمیز ہے؟

جین زی کو اکثر بڑی عمر کے افراد بدتمیز، حد سے زیادہ حساس، ضدی اور روایتی اقدار سے دور سمجھتے دکھائی دیتے ہیں۔ بہت سے لوگوں کا خیال ہے کہ آج کے نوجوان آزادی تو چاہتے ہیں، مگر ذمہ داری سے بھاگتے ہیں۔ یہ بھی کہا جاتا ہے کہ وہ بڑوں کی اس طرح عزت نہیں کرتے جیسے پچھلی نسلیں کرتی تھیں۔ لیکن جین زی کے بارے میں رائے قائم کرنے سے پہلے یہ سمجھنا ضروری ہے کہ یہ نسل کس ماحول میں پروان چڑھی اور کن تجربات نے اس کی سوچ کو یہ شکل دی۔

ہر نسل اپنے دور میں رونما ہونے والے واقعات اور حالات سے متاثر ہوتی ہے۔ جین زی بھی مختلف نہیں۔ ہمارے معاشرے میں ایک طویل عرصے تک بچوں کو یہی سکھایا جاتا رہا کہ بڑوں کی عزت کا مطلب خاموش رہنا، اختلاف نہ کرنا اور بغیر سوال کیے حکم ماننا ہے۔ جذبات پر بات کرنا، اپنی رائے دینا یا کسی بات سے اختلاف کرنا اکثر بے ادبی سمجھا گیا۔ اس کا نتیجہ یہ نکلا کہ بہت سے نوجوان اہم مواقع پر اپنے دل کی بات نہ کہہ سکے۔ انہیں محسوس ہوا کہ ان کی بات سنی نہیں جا رہی۔ یوں وہ اندر ہی اندر ذہنی دباؤ، الجھن اور جذباتی گھٹن کا شکار ہوتے رہے۔
پچھلی نسلوں کے برعکس جین زی انٹرنیٹ، سوشل میڈیا اور دنیا بھر میں جاری نئی بحثوں کے ساتھ بڑی ہوئی ہے۔ اس نسل نے ذہنی صحت، جذبات، عزتِ نفس، ذاتی حدود اور اپنی شناخت جیسے موضوعات پر کھل کر بات ہوتے دیکھی۔ اس نے یہ سیکھا کہ جذبات کا اظہار کمزوری نہیں۔”نہیں “کہنا ہمیشہ بدتمیزی نہیں ہوتا۔ اختلاف کرنا لازماً نافرمانی نہیں۔ اور ہر انسان، چاہے وہ عمر میں چھوٹا ہو یا بڑا، عزت اور سمجھ کا حق رکھتا ہے۔

یہی سوچ کا فرق جین زی کے بارے میں غلط فہمیاں پیدا کرتا ہے۔ پچھلی نسلوں کو اکثر یہ سکھایا گیا کہ گھر، خاندان یا معاشرے کا سکون برقرار رکھنے کے لیے اپنے جذبات کو دبا دینا چاہیے۔ جین زی اس سوچ سے مکمل اتفاق نہیں کرتی۔ اس کا خیال ہے کہ خاموشی اگر دل کی تکلیف، خوف یا گھٹن کے بدلے میں ملے تو وہ حقیقی سکون نہیں۔ اسی لیے جب یہ نسل اپنی بات کھل کر کہتی ہے، اپنی حدود بتاتی ہے یا کسی رویے پر سوال اٹھاتی ہے تو کئی لوگوں کو وہ بدتمیز یا مشکل لگتی ہے۔ حالانکہ اکثر وہ صرف یہ چاہتی ہے کہ اسے بھی سنا اور سمجھا جائے۔

جین زی کی ایک نمایاں خوبی صاف گوئی اور براہِ راست گفتگو ہے۔ یہ نسل بات کو بہت دیر تک دل میں رکھنے کے بجائے کہہ دینا بہتر سمجھتی ہے۔ جب وہ کسی بات سے اتفاق کرتی ہے تو عموماً کھل کر کرتی ہے، اور جب اختلاف کرتی ہے تو اسے چھپانے کی کوشش نہیں کرتی۔ پچھلی نسلوں کے لیے یہ انداز بعض اوقات سخت یا بے ادبی محسوس ہو سکتا ہے، کیونکہ وہ ایسے ماحول میں بڑی ہوئیں جہاں لوگ ٹکراؤ سے بچنے کے لیے اپنے اصل جذبات چھپا لیتے تھے۔ مگر جین زی بناوٹ کے بجائے سچائی اور صاف گوئی کو زیادہ اہم سمجھتی ہے۔

یہ نسل نقصان دہ رویوں، جذبات سے کھیلنے، ذہنی دباؤ اور غیر متوازن تعلقات کے بارے میں بھی زیادہ آگاہی رکھتی ہے۔ وہ اس وقت آواز اٹھانے سے نہیں گھبراتی جب اسے کوئی بات ناانصافی، دباؤ یا جذباتی تکلیف کا سبب محسوس ہو۔ بہت سے روایتی خیالات کے مطابق خاندان، رشتوں یا سماجی توقعات پر سوال اٹھانا اچھا نہیں سمجھا جاتا۔ جین زی اس انداز فکر کو چیلنج کرتی ہے، کیونکہ اس کے نزدیک عزت اور محبت کا مطلب یہ نہیں کہ انسان اپنی تکلیف چھپا کر خاموش رہے۔

یہ بھی درست ہے کہ جین زی کوئی کامل نسل نہیں۔ ہر نسل کی طرح اس کی بھی کمزوریاں ہیں۔ تیز رفتار آن لائن دنیا میں پروان چڑھنے کی وجہ سے یہ نسل مسلسل سوشل میڈیا کے دباؤ میں رہتی ہے۔ آن لائن دکھائی جانے والی مصنوعی خوب صورتی، کامیابی، دولت اور خوش حال زندگی کے معیار بہت سے نوجوانوں کو بے چین کر دیتے ہیں۔ اس وجہ سے اضطراب، ذہنی دباؤ، کم اعتمادی اور جذباتی الجھن بڑھتی ہے۔ فوری معلومات اور فوری نتائج کی عادت نے بعض نوجوانوں میں بے صبری بھی پیدا کی ہے۔

ان کمزوریوں کے باوجود نسلوں کے درمیان ہر اختلاف کا ذمہ دار صرف جین زی کو ٹھہرانا ناانصافی ہے۔ نوجوانوں کی سوچ اور شخصیت بنانے میں گھر، والدین، اسکول، معاشرہ اور سماجی ماحول سب کردار ادا کرتے ہیں۔ عزت کا معیار ہمیشہ دو طرفہ ہوناچاہیے۔ نوجوانوں کو بڑوں کا احترام کرنا چاہیے، لیکن بڑوں کو بھی نوجوانوں کے خیالات، جذبات اور ان کی انفرادیت کو اہمیت دینی چاہیے۔ صرف عمر کی بنیاد پر کسی کی بات کو رد کر دینا مکالمے کا راستہ بند کر دیتا ہے۔

جین زی کوئی بری نسل نہیں، اس کا انداز مختلف ہے۔ یہ نسل اپنے جذبات کا اظہار کرتی ہے، اپنی شناخت پر اصرار کرتی ہے اور ان روایات پر سوال اٹھاتی ہے جو اسے نقصان دہ محسوس ہوتی ہیں۔ وہ ذہنی صحت پر بات کرتی ہے، اپنا خیال رکھنے کی حوصلہ افزائی کرتی ہے اور بناوٹ کے بجائے سچائی کو اہم سمجھتی ہے۔ وہ عزت کو ختم نہیں کرنا چاہتی، بلکہ عزت کو خوف، خاموشی اور دباؤ کے بجائے سمجھ، مکالمے اور برابری کے ساتھ دیکھنا چاہتی ہے۔

در اصل سوال یہ نہیں کہ جین زی گمراہ ہے یا نہیں۔ اصل سوال یہ ہے کہ کیا ہم اسے سمجھنے کے لیے تیار ہیں؟ ہر نسل اپنے ساتھ ایک نیا انداز، نئے سوال اور نئی ترجیحات لے کر آتی ہے۔ جین زی بھی معاشرے کو تبدیل کر رہی ہے۔ اس تبدیلی سے گھبرانے کے بجائے اسے سمجھنے کی ضرورت ہے۔ تنقید کے بجائے مکالمہ، غصے کے بجائے صبر، اور فیصلے سنانے کے بجائے سننے کا حوصلہ ہی نسلوں کے درمیان فاصلے کم کر سکتا ہے۔ جین زی کامل نہیں، مگر اسے گمراہ کہہ کر رد کر دینا بھی درست نہیں۔ شاید یہ نسل ہمیں صرف یہ یاد دلا رہی ہے کہ عزت کا مطلب خاموشی نہیں، سمجھ بوجھ بھی ہے۔

صبا شاہ
صبا شاہ پشاور سے تعلق رکھنے والی صحافی ہیں۔ وہ سماجی مسائل، ماحولیات، اورڈیجیٹل دور کے تقاضوں کے حوالے سے لکھنے میں دلچسپی رکھتی ہیں۔