ثمن اور انعمتا صابری کی نیویارک میں ٹائمز اسکوائر پر نمائش، پاکستانی خواتین موسیقاروں کے لیے اہم کامیابی۔
کراچی: (رائیٹ ناؤ نیوز) صابری سسٹرز نیویارک کے ٹائمز اسکوائر بل بورڈ پر نمایاں کی گئی ہیں۔ انہیں یہ اعزاز اسپاٹی فائی کے ایکوئل پروگرام کے تحت ملا ہے۔
ثمن صابری اور انعمتا صابری 17 جون کو ڈیجیٹل بل بورڈ پر جلوہ گر ہوئیں۔ اس پروگرام کا مقصد دنیا بھر کی خواتین موسیقاروں کو عالمی سطح پر نمایاں کرنا ہے۔
دونوں گلوکاراؤں نے کوک اسٹوڈیو سیزن 15 کے گانے مغروں لا سے نمایاں شہرت حاصل کی۔ ان کی آواز کو پاکستان سمیت مختلف ملکوں میں پسند کیا جا رہا ہے۔
صابری سسٹرز نے قوالی اور صوفیانہ کلام کو جدید موسیقی کے ساتھ پیش کیا ہے۔ ان کا انداز روایتی موسیقی کو نوجوان سامعین تک پہنچانے کا ذریعہ بن رہا ہے۔
واضح رہے کہ صابری سسٹرز اس وقت پاکستانی صوفی موسیقی کی نئی پہچان بن رہی ہیں۔ اسپاٹی فائی کے عالمی پلیٹ فارم پر شمولیت کو پاکستانی خواتین فنکاراؤں کے لیے اہم کامیابی قرار دیا جا رہا ہے۔











