اسلام آباد ہائی کورٹ کا پیمرا کو تعلیمی اداروں میں منشیات کے خاتمے کے لیے پرائم ٹائم پر آگاہی مہم چلانے کا حکم

اسلام آباد ہائی کورٹ نے پیمرا کو تعلیمی اداروں میں منشیات کے خاتمے کے لیے پرائم ٹائم پر آگاہی مہم چلانے کا حکم دیا۔

RIGHTNOW NEWS
ویب ڈیسک
[اسلام آباد]: (رائیٹ ناوٴ نیوز) اسلام آباد ہائی کورٹ میں تعلیمی اداروں سے منشیات کے خاتمے کے کیس کی سماعت ہوئی، جس میں عدالت نے پیمرا کو ہدایت کی کہ وہ چینلز پر پرائم ٹائم کے دوران منشیات کے خاتمے کے لیے آگاہی مہم چلائیں۔

جسٹس راجہ انعام امین منھاس نے کہا کہ آگاہی مہم رات کے وقت نہیں بلکہ پرائم ٹائم پر چلانی چاہیے۔ انہوں نے آئی جی اسلام آباد، اے این ایف، پرائیویٹ سکول ریگولیٹری باڈی اور دیگر اسٹیک ہولڈرز کو منشیات کے خاتمے کا مشترکہ لائحہ عمل بنانے کی ہدایت کی۔

پرائیویٹ تعلیمی اداروں کی ریگولیٹری اتھارٹی (پیرا) کی رپورٹ عدالت میں پیش کی گئی جس میں کہا گیا کہ منشیات برآمدگی کی صورت میں تعلیمی ادارے کے سربراہ کے خلاف کارروائی کی جائے گی، اور تعلیمی اداروں میں ڈلیوری بوائے و کوریئر سروسز کے داخلے پر مکمل پابندی ہوگی۔

عدالت میں پیش کی گئی رپورٹ کے مطابق، سال 2025 میں اسلام آباد کے تعلیمی اداروں میں منشیات کے 51 مقدمات درج کیے گئے۔ ڈی ایس پی لیگل نے مزید کہا کہ اس سال پولیس نے منشیات برآمدگی کے 22 مقدمات درج کیے۔

وکیل درخواست گزار کاشف علی ملک عدالت میں پیش ہوئے، اور عدالت نے آئی جی کو ہدایت کی کہ تمام اسٹیک ہولڈرز سے مشاورت کر کے منشیات کے خاتمے کے لیے لائحہ عمل تیار کیا جائے۔ کیس کی سماعت دو ہفتوں کے لیے ملتوی کر دی گئی۔

دیگر متعلقہ خبریں