عمران خان کی فیملی ملاقات میں سیاست نہ کرنے کی تاکید، عظمیٰ خان نے بھائی کی صحت کو بہتر قرار دیا۔
اسلام آباد: (رائیٹ ناوٴ نیوز) وزیراعظم کے مشیر رانا ثنا اللہ نے کہا ہے کہ سابق وزیراعظم عمران خان کی آج اپنی بہن اور اہلیہ سے طویل ملاقات ہوئی، تاہم انہوں نے تاکید کی کہ ملاقاتوں میں سیاست نہیں ہونی چاہیے۔
رانا ثنا اللہ نے ایک پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ عمران خان کی بشریٰ بی بی سے پہلے ملاقات ہوئی، اس کے بعد عظمیٰ خان اور بشریٰ بی بی نے ایک گھنٹہ عمران خان سے ملاقات کی۔ عمران خان کی صحت بالکل ٹھیک ہے۔
جیل رولز 265 کے مطابق ملاقاتوں میں سیاست زیر بحث نہیں لائی جا سکتی۔ فیملی اور وکلا سے ملاقات آپ کا حق ہے مگر سیاست نہ کریں، سپرنٹنڈنٹ جیل نے عظمیٰ خان کو تاکید کی کہ ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو نہ کریں۔
رانا ثنا اللہ نے کہا کہ اگر یہی رویہ برقرار رہا تو عمران خان سے ملاقاتوں پر کوئی رکاوٹ نہیں ہوگی۔ عظمیٰ خان نے ملاقات کے بعد بتایا کہ عمران خان کی صحت ٹھیک ہے لیکن وہ غصے میں ہیں اور انہیں قید تنہائی میں رکھا جا رہا ہے۔














