ایران اور امریکا کے درمیان 14 نکاتی مفاہمتی یادداشت پر بات چیت جاری، دستخط جنیوا میں متوقع۔
تہران: (رائیٹ ناؤ نیوز) ایرانی اور عرب میڈیا کی رپورٹس کے مطابق امریکا اور ایران کے درمیان زیر غور 14 نکاتی مفاہمتی یادداشت کی تفصیلات سامنے آگئی ہیں۔ اس میں جنگ بندی، پابندیوں میں نرمی اور اقتصادی تعاون کے نکات شامل ہیں۔
رپورٹس کے مطابق مجوزہ معاہدے میں لبنان سمیت تمام محاذوں پر جنگ بندی کی تجویز دی گئی ہے۔ امریکا ایران کی خودمختاری کا احترام کرے گا اور داخلی معاملات میں مداخلت نہیں کرے گا۔
دستاویز میں 30 روز کے اندر بحری ناکہ بندی ختم کرنے اور آبنائے ہرمز کھولنے کی تجویز ہے۔ ایرانی تیل اور پیٹروکیمیکل برآمدات پر پابندیوں کو معطل کرنے کی بھی تجویز دی گئی ہے۔
یہ معاہدہ 300 ارب ڈالر کے منصوبوں پر تعاون کی بات کرتا ہے۔ جوہری پروگرام اور پابندیوں کے خاتمے پر 60 روزہ مذاکرات ہوں گے، اس دوران امریکا نئی پابندیاں نہیں لگائے گا۔
واضح رہے کہ ایران جوہری ہتھیار نہ بنانے کے عزم کا اعادہ کرے گا۔ معاہدے پر دستخط جنیوا میں متوقع ہیں، جبکہ ایک پاکستانی قانونی ٹیم بھی تقریب میں شریک ہوگی۔














