پاکستان میں مالیاتی ٹیکنالوجی کی سرمایہ کاری میں 2025 کے پہلے 6 ماہ میں 52.5 ملین ڈالر تک اضافہ ہوا، فوربز کی رپورٹ کے مطابق۔
اسلام آباد: (رائیٹ ناوٴ نیوز) پاکستان میں مالیاتی ٹیکنالوجی (فن ٹیک) کے شعبے میں سرمایہ کاری نے مالی سال 2025 کے پہلے 6 ماہ میں 52.5 ملین ڈالر تک پہنچ کر نمایاں ترقی کی ہے۔
وزارت آئی ٹی و ٹیلی کمیونیکیشن کے مطابق فوربز کی رپورٹ میں انکشاف کیا گیا ہے کہ 2024 میں فن ٹیک شعبے میں سرمایہ کاری دوگنی ہو کر 26.3 ملین ڈالر تک پہنچ گئی تھی، جبکہ 2023 میں یہ صرف 12.5 ملین ڈالر تھی۔
فوربز کی رپورٹ کے مطابق 2025 کے پہلے 6 ماہ میں مزید اضافہ ہوا اور سرمایہ کاری 52.5 ملین ڈالر تک پہنچ چکی ہے، جو فن ٹیک سیکٹر کی تیز رفتار ترقی کا مظہر ہے۔
وزارت آئی ٹی نے حکومت کے ڈیجیٹلائزیشن ایجنڈے کو ملکی اور غیر ملکی سرمایہ کاروں کے اعتماد کی بحالی کا اہم عنصر قرار دیا ہے۔ پاکستان اسٹارٹ اپ فنڈ کے تحت ایکویٹی فری گرانٹس نے بھی سرمایہ کاری کی دلچسپی کو بڑھایا ہے۔
وزارت کے مطابق پاکستان میں ٹیکنالوجی پر مبنی معیشت کی طرف بڑھتے ہوئے سفر نے اسٹارٹ اپ سیکٹر میں مثبت تبدیلیوں کو جنم دیا ہے، جو جدید، مضبوط اور ڈیجیٹل پاکستان کی تشکیل کے حکومتی وژن کو تقویت دے رہی ہیں۔












