علیمہ خان نے بانی پی ٹی آئی کی قید تنہائی اور پولیس تعیناتی پر تنقید کی، ملاقات کو آئینی حق قرار دیا۔
لاہور: (رائیٹ ناوٴ نیوز) علیمہ خان نے میڈیا سے گفتگو میں بانی پی ٹی آئی کی قید تنہائی اور پولیس کی بھاری تعیناتی پر تشویش ظاہر کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کو ایک ماہ سے قید تنہائی میں رکھا گیا ہے اور پولیس کی بھاری نفری تعینات کی گئی ہے، جس کی وجہ سمجھ سے باہر ہے۔ علیمہ خان کا کہنا تھا کہ فیملی کی ملاقات سے حکومت خوفزدہ ہے اور آدھے پنجاب کی پولیس تعینات کر دی گئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ انڈین میڈیا پر بات کرنے پر حکومت کو بڑی فکر ہے، ہم عالمی میڈیا پر اپنی آواز اٹھائیں گے کیونکہ ہمارا میڈیا جب ہماری بات نہیں کرتا تو ہمیں دوسرے پلیٹ فارمز کا سہارا لینا پڑتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ بانی پی ٹی آئی سے ملاقات ہمارا قانونی آئینی حق ہے اور ملاقات نہ ہونے تک ہم انتظار کریں گے۔
علیمہ خان نے مریم نواز پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ حکومت کی جانب سے پولیس کی تعیناتی غیر جمہوری ہے اور حکومت جھوٹ بول رہی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ملاقات کی اجازت دینے سے مسئلہ ختم ہو سکتا ہے۔














